وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد


 وزیر اعظم شہباز شریف نے اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے شہریوں کیلیے وزیر اعظم صحت کارڈ پروگرام کا اجراءکردیا۔

وزیر اعظم شہبازشریف نے وزیر اعظم صحت کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ کمزور طبقے کا سہارا بننا ریاست کی ذمہ داری ہے، علاج اور صحت کی سہولیات کا حصول ہر شہری کا بنیادی حق ہے، حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر یہ سہولتیں فراہم کر رہی ہے، 2016 میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے صحت کارڈ پروگرام کا اجرا ءکیا تھا اور صوبوں میں بڑی تیزی سے یہ پروگرام عوام تک پہنچا اور لاکھوں خاندان اس سے مستفید ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ صحت سے زیادہ زندگی میں کوئی اور چیز قیمتی نہیں ہے، صحت ہوگی تو تعلیم، کھیل اور زندگی کے ہر شعبے میں سرگرمیاں جاری رکھی جا سکتی ہیں اور مخالفین کو بھی شکست فاش دے سکتے ہیں۔

وزیر اعظم نے کہا کہ صحت کی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے بھائیوں اور بہنوں کیلئے صحت کارڈ کا اجرا ءکیا جا رہا ہے، اس کیلئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال، سیکرٹری صحت اور ان کی پوری ٹیم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم صحت کارڈ کا اجراء عوامی فلاح کے عزم کا تسلسل ہے، پاکستان میں اشرافیہ امریکا، یورپ اور دیگر ممالک میں اپنے اور اپنے بچوں کیلئے مہنگے ترین علاج کا انتظام کروا سکتی ہے لیکن عام آدمی، مزدوروں اور غریب طبقے کیلیے بہت مشکلات ہیں، صحت ہوگی تو انسان باوقار طریقے سے روزگار کما سکے گا، صحت ہوگی تو نوجوان کھیلوں کے میدان میں ملک کا نام روشن کریں گے، صحت ہوگی تو ہر میدان میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے، مجھے امید ہے کہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کیلئے تمام تر اقدامات کیے جائیں گے، اس سے دین اور دنیا دونوں میں بھلائی ہوگی، تھرڈ پارٹی کے ذریعے پروگرام میں شفافیت یقینی بنائی جائے، ریاست عام شہری کے علاج کی ذمہ داری نبھا رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ سندھ میں صحت کارڈ پروگرام کے اجرا ءکی تجویز بھی قابل غور ہے، سندھ کا یقیناً اپنا پروگرام ہوگا، وزیر اعلیٰ سندھ سے اس حوالے سے بات کر کے اس کا حل نکالیں گے تاکہ وہاں پر بھی یہ سہولت میسر ہو، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں بھی صحت کے پروگرام موجود ہیں، پنجاب میں بھی بڑی کامیابی کے ساتھ صحت کارڈ پروگرام پر عملدرآمد جاری ہے اور اربوں روپے اس پر خرچ کیے جا رہے ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ 2016 میں اس پروگرام کا آغاز کیا گیا تھا، صحت ہر شہری کا بنیادی حق ہے، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے ایک کروڑ لوگوں کو مفت علاج کی سہولت حاصل ہوگی، حکومت صحت کی سہولیات ہر شہری تک پہنچانے کیلئے پرعزم ہے، یہ پروگرام ایک کروڑ سے زائد شہریوں کو علاج کی سہولت فراہم کرے گا، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں 70 ہسپتال پروگرام میں شامل ہیں۔

تبصرے

اس بلاگ سے مقبول پوسٹس

کیا ایرانین کمیونٹی یو اے ای کے ویزا منسوخ ہو رہے ہیں؟ حقیقت کیا ہے؟

پاکستان بھر میں مہنگائی کی نئی لہر اور حکومتی اقدامات: کیا عوام کو ریلیف ملے گا؟

سوڈانی اخوان المسلمون پر پابندی: دہشت گردی کے خلاف جنگ یا سیاسی فیصلہ؟