وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت کیسکو کا اعلیٰ سطحی اجلاس
کوئٹہ: وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی سربراہی میں کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کا ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے میں بجلی کی ترسیل اور تقسیم کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو، سید یوسف شاہ نے کیسکو کو درپیش چیلنجز اور مسائل پر تفصیلی بریفنگ دی، اور ان کے ممکنہ حل سے متعلق تجاویز بھی پیش کیں۔
وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں بجلی کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور ترسیلی نظام میں موجود خامیوں کو فوری طور پر دور کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ عوامی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے شکایتی نظام کو مزید مؤثر اور فعال بنایا جائے۔
میر سرفراز بگٹی نے گرمیوں کے موسم میں غیر ضروری لوڈشیڈنگ سے گریز کرنے کی سختی سے ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو بجلی کی بندش سے ہونے والی مشکلات کو کم سے کم کیا جائے۔ انہوں نے ڈیرہ بگٹی، بیکڑ اور دیگر دور دراز علاقوں میں بجلی کے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ ان علاقوں میں بجلی کی فراہمی بہتر بنانے کے لیے جامع اور پائیدار منصوبہ بندی کی جائے۔
اجلاس میں بجلی کے موجودہ نظام کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں کی رفتار اور عوامی فلاح و بہبود سے متعلق دیگر اہم امور پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا۔

تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں
If you have any doubts Please let me know